پٹرولیم لیوی نامنظور جمعہ کو ملک گیر مظاہرے، دھرنے حافظ نعیم
پٹرولیم نرخ کم کرانے کیلئے عوام کو آگے آنا ہو گا ،غیرملکی خواتین کا اغوا، ریپ مقدمہ کھلی عدالت میں چلایا جائے پاکستان کے پانیوں پر بھارتی جارحیت کیخلاف بھرپور آواز اٹھائی جائے، حکومت مسئلہ آزاد کشمیر حل کیلئے مذاکرات کی میز سجائے: حافظ نعیم الرحمن
لاہور ( کرائم رپورٹر)جماعت اسلامی نے مہنگائی کیخلاف 10 جولائی جمعہ کو ملک گیر احتجاج کی کال دیدی۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پٹرولیم مصنوعات کی خریداری عوام کی جیب پر بوجھ ہے، احتجاج کے علاوہ مہنگائی کم کرانے کا کوئی راستہ نہیں، لیوی کے نام پر بھتہ لیا جا رہا ہے۔پٹرول لیوی بھتہ کیخلاف جمعہ کو ملک گیر مظاہرے اور دھرنے ہونگے۔انہوں نے کہا ایل این جی کی قیمت میں مزید 16 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔، ایل پی جی 241روپے کلو حکومتی ریٹ کے برعکس 500 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے۔پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں معمولی کمی قبول نہیں ،گیس کے ذخائر کی نشاندہی کے باوجود گزشتہ بولی میں انٹرنیشنل کمپنیوں کا شرکت نہ کرنا حکومتی نااہلی کا ثبوت ہے۔ حکومت فی لٹر پٹرول پر پٹرولیم لیوی اور ٹیکسوں کی مد میں عام آدمی سے 118روپے بھتہ وصول کررہی ہے، پٹرولیم لیوی بھتہ کی صورت میں ابتک عوام سے ساڑھے8ہزار ارب وصول کیے جاچکے ہیں جو پٹرولیم انفراسٹرکچر میں بہتری کی بجائے ٹیکس اہداف پورا کرنے کیلئے استعمال کیے جارہے ہیں ، ٹیکس وصولی کیلئے25ہزار ملازمین پر مشتمل ایف بی آر محکمہ میں اصل کام کی بجائے ہزاروں ارب کی کرپشن ہوتی ہے، حکمران عوام کو سستا پٹرول ، بجلی ، گیس دینے کی بجائے عیاشیوں میں مصروف ہیں ، 11 ارب کا جہاز اور کروڑوں کی گاڑیاں خریدنے والے خود کو عوام کے سامنے جوابدہ نہیں سمجھتے ،پٹرولیم نرخ کم کرانے کیلئے عوام کو آگے آنا ہو گا، مہنگائی کا مسئلہ سڑکوں پر آ کر ہی حل ہو گا۔ جمعہ کو مہنگائی کیخلاف ملک بھر میں احتجاج کرینگے۔نوجوان اور عوام احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔ انہوں نے حکومت سے پاکستان کے پانیوں پر بھارتی جارحیت کے مسئلہ کو بھرپور طریقہ سے عالمی فورمز پر اٹھانے، ایران، پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ پر کام کے فوری آغاز اور ایران سے باضابطہ تجارت کے آغاز کے مطالبات کیے۔ حافظ نعیم الرحمن نے سندھ طاس معاہدے پر بھارتی رویے پر کہا پاکستان نے بھارت سے جنگ کے بعد سفارتی محاذ پر موثر فائدہ نہیں اٹھایا، حکومت کو پانی کے مسئلہ پر سنجیدگی سے کام کرنا ہو گا۔بھارت سے پانی مسئلہ پر پاکستان کے پاس تمام قانونی نکات موجود ہیں اور ہر پلیٹ فارم پر کیس مضبوط ہے اسکا فائدہ اٹھانا چاہیے۔انکاا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر مسئلہ کے حل کیلئے حکومت آگے بڑھے،مذاکرات کی میز سجائے، دشمنیوں کو نسلوں میں منتقل نہ کیا جائے ، جماعت اسلامی ثالثی کا کردار ادا کررہی ہے ، جوائنٹ ایکشن کمیٹی بات چیت پر تیار ہے، اب گیند حکومت کے کورٹ میں ہے۔ کشمیر میں امن کو موقعہ ملنا چاہیے، کشمیری نوجوانوں کو پیغام ہے پاکستان اور عوام انکے ساتھ ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا غیر ملکی خواتین کی ساتھ جو گھنائونا واقعہ ہوا وہ انتہائی شرمناک ہے، اس کیس میں ملک کی جگ ہنسائی ہوئی، ملزم جتنے بھی طاقتور ہوں انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے۔غیرملکی خواتین کا اغوا، ریپ مقدمہ کھلی عدالت میں چلایا جائے۔ انہوں نے کاہنہ میں بچوں کی شہادت پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور حکومت پر واضح کیا کہ اپنی نااہلی چھپانے کی آڑ میں ٹیوشن سنٹرز کو ہدف نہ بنائے۔