ٹرمپ نے بندر عباس پر امریکی فضائی حملوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دی

ٹرمپ نے بندر عباس پر امریکی فضائی حملوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی ایران کے شہر بندر عباس میں ہونے والے امریکی فضائی حملوں کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر شیئر کر دی۔

رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں بندر عباس کے مختلف مقامات پر دھماکوں، فضائی حملوں اور ان کے بعد دھواں اٹھتے ہوئے مناظر دکھائے گئے ہیں۔یہ ویڈیو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر چکی ہے۔ حالیہ دنوں میں دونوں ممالک ایک دوسرے پر حملوں، جنگ بندی کی خلاف ورزی اور آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔بندر عباس ایران کی اہم بندرگاہوں اور فوجی تنصیبات کا مرکز ہے، جس کے باعث اسے خطے کا ایک اہم اسٹریٹجک شہر تصور کیا جاتا ہے۔

تاحال صدر ٹرمپ نے ویڈیو کے ساتھ حملوں کی مزید تفصیلات یا کسی نئے فوجی اقدام کا اعلان نہیں کیا، جبکہ ایرانی حکام کی جانب سے بھی اس ویڈیو پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔دفاعی ماہرین کے مطابق حساس فوجی کارروائیوں کی ویڈیوز کا اعلیٰ سطح کے سیاسی رہنماؤں کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کیا جانا غیر معمولی اقدام ہے، جس کے سفارتی اور سیاسی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران اس نوعیت کی ویڈیوز دونوں ممالک کے درمیان بیانیے کی جنگ کا حصہ بھی بن سکتی ہیں۔