2030ِؒ تک کسی بھی سال کیلئے رجسٹریشن 4سالہ حج پالیسی کی منظوری چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کوقرضے دیئے جائیں:شہبازشریف
شرعی اصولوں کے مطابق حج سیونگ سکیم متعارف کرائی جائے گی تاکہ شہری مستقبل میں حج کے اخراجات کیلئے بچت کر سکیں‘ ادائیگیوں، شکایات کے اندراج، نگرانی اور دیگر تمام انتظامی امور کو جدید ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا
نئی پالیسی میں سرکاری اور نجی حج سکیموں کے کوٹے، لانگ اور شارٹ حج پروگرام، حجاج کی لازمی تربیت، تکافل اور ہنگامی رسپانس کے اقدامات بھی شامل کئے گئے ہیں: وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلے
گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کو پتھر دل ملزم نے گولی ماری، قرار واقعی سزا دی جائے گی ،ایرانی سپریم لیڈر کے جنازے میں پاکستان کی نمائندگی کی، ترکیہ کے گروپوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی:شہبازشریف کااجلاس میں خطاب
اسلام آباد( آن لائن‘آئی این پی ) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 2027 تا 2030 کی چار سالہ قومی حج پالیسی کی منظوری دے دی گئی، جبکہ پاکستان ریلوے کی بہتر مالی کارکردگی کو سراہتے ہوئے متعلقہ وزارت کی کارکردگی کی تعریف بھی کی گئی۔اجلاس کے اعلامیے کے مطابق کابینہ نے رواں برس حج کے بہترین انتظامات پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئی حج پالیسی پہلی مرتبہ چار سالہ منصوبہ بندی پر مشتمل ہے، جس سے طویل مدتی پلاننگ، انتظامی امور میں بہتری اور حجاج کرام کو بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی۔کابینہ کو بتایا گیا کہ نئی پالیسی کے تحت حج کے خواہشمند افراد 2030 تک کسی بھی سال کے لیے ایک مرتبہ رجسٹریشن کرا سکیں گے، جس کی بنیاد پر ترجیحی ویٹنگ لسٹ تیار کی جائے گی۔ اس کے علاوہ شرعی اصولوں کے مطابق حج سیونگ سکیم بھی متعارف کرائی جائے گی تاکہ شہری مستقبل میں حج کے اخراجات کے لیے باقاعدہ بچت کر سکیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ حج کے پورے نظام کو ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے، جس کے تحت ادائیگیوں، شکایات کے اندراج، نگرانی اور دیگر تمام انتظامی امور کو جدید ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا۔ نئی پالیسی میں سرکاری اور نجی حج اسکیموں کے کوٹے، لانگ اور شارٹ حج پروگرام، حجاج کی لازمی تربیت، تکافل اور ہنگامی رسپانس کے اقدامات بھی شامل کیے گئے ہیں۔وفاقی کابینہ نے ہدایت کی کہ معاونین حج کی تقرری مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کی جائے، جبکہ سرکاری اور نجی حج انتظامات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی یقینی بنائی جائے۔کابینہ نے اسلام آباد میں قائم آئیسولیشن ہسپتال اینڈ انفیکشئس ٹریٹمنٹ سینٹر (IHITC) اور ریجنل بلڈ سینٹر کی خدمات آؤٹ سورس کرنے کی پالیسی کی بھی منظوری دی۔اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران ریلوے کی آمدن 115 ارب روپے سے تجاوز کر گئی، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 24.19 فیصد زیادہ ہے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا انتہائی پتھر دل ملزم نے گروپ کیپٹن عاصم طارق کو گولی ماری، ملزم کو قرار واقعی سزا دی جائیگی۔انہوں نے کہا شہید ایرانی سپریم لیڈر کے جنازے میں پاکستان کی نمائندگی کی۔اپنے حالیہ دورہ ترکیہ کے دوران انہوں نے نمایاں ترک کاروباری گروپوں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستان میں توانائی، کان کنی، معدنیات اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔شہباز شریف نے بتایا کہ انہوں نے ترک کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ترجیحی شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری کا دائرہ مزید وسیع کریں۔ وزیراعظم کا دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں میں کامیابی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 15 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر فورسز مبارکباد کی مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی ادارے بھرپور عزم اور قربانیوں کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں۔شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ دن دور نہیں جب ملک سے دہشتگردی کا مکمل صفایا کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور سکیورٹی ادارے امن و استحکام کے قیام کے لیے متحد ہیں اور دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم ہر صورت ناکام بنائے جائیں گے۔علاوہ ازیں وزیر اعظم شہبازشریف کی زیر صدرت سمیڈا پر جائزہ اجلاس ہوا‘ شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو قرضوں کی فراہمی میں سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس ایم ایز کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ضروری ہیں۔ ۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کو فیزیبیلٹی کی تیاری اور دیگر مراحل میں مدد فراہم کی جائے،ایس ایم ایز کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ضروری ہیں،سمیڈا نوجوان بشمول خواتین آنٹرپرنیورز کو چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتیں لگانے میں معاونت فراہم کرے۔