بھارت میں مینگو فیسٹیول لوٹ مار کا منظر بن گیا، عوام آموں پر ٹوٹ پڑے

بھارت میں مینگو فیسٹیول لوٹ مار کا منظر بن گیا، عوام آموں پر ٹوٹ پڑے

بھارتی ریاست اُتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں منعقدہ مینگو فیسٹیول ایک خوشگوار پھلوں کی نمائش کے بجائے افراتفری اور لوٹ مار کا منظر پیش کرنے لگا، جب عوام آموں پر ٹوٹ پڑے۔

تقریب میں شریک افراد نے ایونٹ کے آداب کو یکسر نظرانداز کرتے ہوئے اندھا دھند آم سمیٹنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔ خواتین نے آموں کو اپنے دوپٹوں اور ساڑھیوں میں باندھ کر چھپایا جبکہ مردوں نے اپنی جیبیں اور تھیلے آموں سے بھر لیے۔ ویڈیو کلپس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ ایک دوسرے کو دھکے دیتے، جھگڑتے اور بغیر کسی نظم و ضبط کے آموں پر ہاتھ صاف کرتے رہے۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا، جہاں صارفین نے نہ صرف شرکاء کے رویے پر تنقید کی بلکہ تقریب کے منتظمین پر بھی ناقص انتظامات کا الزام لگایا۔یاد رہے کہ مینگو فیسٹیول کا مقصد آموں کی مختلف اقسام کو فروغ دینا اور مقامی کاشتکاروں کو پلیٹ فارم مہیا کرنا تھا، مگر عوام کے غیرذمہ دارانہ رویے نے تقریب کو تماشہ بنا کر رکھ دیا۔