ترکیہ: انقرہ میں پاکستانی آموں کی خوشبو اور ذائقے سے بھرپور نمائش

ترکیہ: انقرہ میں پاکستانی آموں کی خوشبو اور ذائقے سے بھرپور نمائش

ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں سفارتخانہ پاکستان نے ایک منفرد اور خوشبوؤں سے معطر تقریب کا انعقاد کیا، جس میں پاکستانی آموں کی مٹھاس، خوشبو اور ذائقے کو ترک عوام کے سامنے پیش کیا گیا۔

یہ تقریب ترکیہ کی معروف سپر مارکیٹ چین کے اشتراک سے ترتیب دی گئی تھی، جس کا مقصد ترک صارفین کو پاکستانی آموں کی لذت اور معیار سے متعارف کرانا تھا، جنہیں دنیا بھر میں پھلوں کا بادشاہ تسلیم کیا جاتا ہے۔تقریب میں انقرہ کے شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ جیسے ہی آموں کے اسٹال سجائے گئے اور تازہ آموں کی خوشبو پھیلی، ترک خاندان، نوجوان، خواتین اور بچے جوق در جوق سپر مارکیٹ کا رخ کرنے لگے۔ شرکاء نے پہلی بار پاکستانی آموں کا ذائقہ چکھا تو ان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھر گئیں۔ ایک ترک خاتون نے کہا کہ یہ آم صرف ایک پھل نہیں بلکہ ایک تحفہ ہے، اور ایک نوجوان طالب علم نے کہا کہ اگر یہ آم روزانہ مل جائیں تو مٹھائی کی طرف جانے کی ضرورت نہیں۔سپر مارکیٹ کی انتظامیہ نے کہا کہ آموں کے اس شو نے اسٹور میں غیرمعمولی رش پیدا کیا، اور مزید پاکستانی آم منگوانے کا فیصلہ کیا گیا۔

پاکستان کے سفیر برائے ترکیہ ڈاکٹر یوسف جنید نے اسٹال کا دورہ کیا اور ترک شہریوں سے براہِ راست تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی آم خوشبو، مٹھاس اور ذائقے میں منفرد ہیں اور ترک عوام کی پذیرائی ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔سفیر نے مزید کہا کہ یہ تقریب پاکستان کے سفارتخانے کی ایک وسیع تر مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد اعلیٰ پاکستانی مصنوعات کو ترکیہ کی مارکیٹ میں متعارف کرانا اور برادر ممالک کے درمیان تجارتی و ثقافتی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔تقریب کے بعد سپر مارکیٹ میں پاکستانی آم ہاتھوں ہاتھ فروخت ہونے لگے، لوگ ایک سے زائد ڈبے خرید کر اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کے لیے لے جا رہے تھے۔ انتظامیہ نے تسلیم کیا کہ یہ تقریب ان کے اسٹور کی کامیاب ترین ایونٹس میں سے ایک رہی اور ترک صارفین نے آموں کی پذیرائی سے مستقبل میں باقاعدہ فراہمی کے لیے راہیں ہموار کر دی ہیں۔