4836 جلوس برآمد ہوئے، 5480 مجالس منعقد ہوئیں‘ شام غریباں کا اہتمام کیا گیا
اسلام آباد( آن لائن ) ملک بھر میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقا کی کربلا میں بے مثال قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ، یوم عاشور پر پورے ملک میں 4836 جلوس برآمد ہوئے، 5480 مجالس منعقد ہوئیں، 1301 علاقے انتہائی حساس قرار دیئے گئے تھے ، پورے ملک میں سکیورٹی کے سخت حصار اور انتظامات کے ساتھ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے پرامن اختتام پذیر ہوگئے - وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مرکزی کنٹرول روم سے تمام جلوسوں کی نگرانی کو یقینی بنایا گیا صوبائی کنٹرول رومز بھی متحرک رہے۔تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں اور دیہات میں علم، تعزیے اور ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوئے اور سخت سکیورٹی حصار میں اپنے اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگئے-