اسلام آباد(آ ئی این پی)خلیفہ دوم سیدنا حضرت عمر فاروقؓ کا یوم شہادت (آج) یکم محرم الحرام کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا اس سلسلے میں ملک بھر میں مختلف دینی جماعتوں کی جانب سے جلسے، سیمینار اور تقریبات منعقد کی جائیں گی جن میں مقررین سیدنا حضرت عمر بن الخطابؓ کے فضائل و مناقب، سیرت و کردار، بے مثال فتوحات اور ان کے سنہرے کارناموں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔خلیفہ دوم حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے، آپ کا نام عمر بن خطاب، لقب فاروق اور کنیت ابو حفصہ تھی،حضورﷺ کی جانب سے نبوت کے اعلان کے چھٹے سال حضرت عمرؓ نے 35 برس کی عمر میں اسلام قبول کیا۔حضرت ابو بکر صدیقؓ کی وفات کے بعد آپ مسلمانوں کے دوسرے خلیفہ بنے۔ تقریباً 11 سالہ دور حکومت میں حضرت عمرؓ نے اسلامی سلطنت کا دائرہ 22 لاکھ مربع میل تک پھیلا دیا، مسلمانوں نے جنگ قادسیہ اور جنگ یرموک میں بیک وقت اس وقت کی سپر پاور رومن اور ساسانی سلطنت کو شکست دی آپ ہی کے دور میں پہلی بار بیت المقدس فتح ہوا۔ یکم محرم الحرام 24 ہجری کو حضرت عمر فاروق ؓ نے جام شہادت نوش فرمایا، آپؓ رسول پاکؐ کے پہلو مبارک میں مدفون ہیں۔