چیف آف ایئر اسٹاف بنگلہ دیش ایئر فورس ایئر چیف مارشل حسن محمود خان آج نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد پہنچے جہاں ان کا استقبال چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کی مسلح افواج کے اعلیٰ سطحی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے علاقائی بحری امن و استحکام کے لیے پاکستان نیوی کے کردار اور اقدامات سے آگاہ کیا۔ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے پاکستان نیوی کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش ظاہر کی۔
ملاقات میں اعلیٰ سطحی عسکری تبادلوں اور مشترکہ تربیتی مشقوں میں اضافے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مضبوط ہوتے دفاعی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ یاد رہے کہ ایڈمرل نوید اشرف نے 2025 کے اواخر میں ڈھاکہ کا دورہ کیا تھا، جس کے تسلسل میں بنگلہ دیشی ایئر چیف کا حالیہ دورہ دونوں ممالک کے دفاعی روابط کو مزید تقویت دے گا۔