سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 13 کروڑ آبادی ستھرا پنجاب منصوبے سے مستفید ہو رہی ہے، جو کسی معجزے سے کم نہیں۔
انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے اقدامات کو عوام کے لیے ایک تاریخی خدمت قرار دیا اور کہا کہ یہ منصوبہ صوبے کا سب سے بڑا صفائی پروگرام ہے، جس سے 13 کروڑ افراد فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ماضی میں صرف چھ شہروں میں صفائی کا نظام تھا، مگر اب پورے صوبے میں جدید نظام لایا جا رہا ہے، جس کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور دوسرا جاری ہے۔انہوں نے ٹریفک قوانین کی اہمیت پر بھی زور دیا اور لاہور میں موٹرسائیکل سواروں کے ہیلمٹ پہننے کی حوصلہ افزائی کی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ غلطی کسی کی جان لے سکتی ہے، اس لیے قوانین کا نفاذ ضروری ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ کم عمر ڈرائیورز سے ہونے والے حادثات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹریفک قانون کی پابندی سے حادثات میں کمی آئے گی۔
منی منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اینٹی نارکوٹکس فورس قائم کی ہے، جس کے ذریعے 13 ٹن سے زیادہ منشیات ضبط کی جا چکی ہیں۔ تعلیمی اداروں میں بھی منشیات کی فراہمی روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور سمگلرز کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ری ہیبلیٹیشن سینٹرز بنانے کے احکامات بھی دیئے گئے ہیں تاکہ نشہ کرنے والوں کو واپس معاشرتی دھارے میں لایا جا سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے 4 لاکھ چالان اور 34 ہزار گاڑیاں بند کی ہیں تاکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو روکا جا سکے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری کی ہے، اب عوام کو بھی قوانین کی پاسداری کرنی ہوگی تاکہ معاشرتی بہتری ممکن ہو۔