پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن میں دو نئی ٹیموں کے اضافے کے لیے شائقین اور کرکٹ شوبز کی توجہ اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر کی جانب مرکوز ہو گئی ہے، جہاں نیلامی کی تقریب منعقد ہونے والی ہے۔
تقریب کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور رنگ برنگی روشنیوں سے سینٹر کو سجایا گیا ہے۔پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے کنونشن سینٹر کا دورہ کیا اور نیلامی کی تیاریوں پر بریفنگ حاصل کی۔ بریفنگ میں ڈائریکٹر میڈیا عامر میر، ڈائریکٹر کمرشل علی عدنان زیدی اور چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضٰی بھی موجود تھے۔نیلامی میں دنیا بھر سے بڈرز شریک ہوں گے، اور ان کا استقبال ریڈ کارپٹ پر کیا جائے گا۔ مشہور کرکٹر وسیم اکرم بھی منفرد انداز میں تقریب میں شرکت کریں گے اور نئے ٹیموں کی بولی کے عمل میں حصہ لیں گے۔تقریب میں پاکستان کی جیتنے والی ٹیمیں بھی مدعو کی گئی ہیں، جن میں رائزنگ ایشیا کپ جیتنے والی پاکستان شاہینز اور ہانگ کانگ سپر سکسز جیتنے والی پاکستان ٹیم شامل ہیں۔ ان ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا جائے گا اور کھلاڑیوں کو اعزازات دیے جائیں گے۔پی ایس ایل کے شائقین تقریب کو پی سی بی کے یوٹیوب چینل، پی ٹی وی سپورٹس، اے اسپورٹس اور جیو سوپر پر لائیو دیکھ سکیں گے۔ یہ تقریب پی ایس ایل کی تاریخ میں نیا اضافہ تصور کی جا رہی ہے کیونکہ دو نئی ٹیموں کے اضافے سے لیگ کا دائرہ مزید وسیع ہوگا اور مسابقت میں اضافہ ہوگا۔