راولپنڈی میں غیرت کے نام پر شادی شدہ خاتون کو قطر سے پاکستان لاکر قتل کرنے کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق تھانہ واہ کینٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمے میں مقتولہ کا والد اور دو چاچا گرفتار کر لیے ہیں۔قبل ازیں ایک مرکزی ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا، جس کے انکشاف کے بعد مزید تین افراد کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس کے مطابق دونوں چاچاؤں نے مقتولہ کے خاوند کے ساتھ مل کر قتل کی منصوبہ بندی کی، اور منصوبہ بندی کے تحت ہی مقتولہ کو پاکستان لایا گیا۔ مقتولہ کا قتل مقتولہ کے والد اور چاچاؤں کی ایماء پر کیا گیا۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔ مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی نے بتایا کہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ریڈ کیے جا رہے ہیں، اور زیر حراست افراد کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا۔