پراپرٹی ٹیکس چوری کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ، افسران اور مالکان ذمہ دار ٹھہرائے جائیں گے

پراپرٹی ٹیکس چوری کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ، افسران اور مالکان ذمہ دار ٹھہرائے جائیں گے

ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ نے پراپرٹی ٹیکس نیٹ میں شامل نہ ہونے والی پراپرٹیز کی نشاندہی کے لیے تمام متعلقہ افسران کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

مراسلے کے مطابق تمام ڈائریکٹرز اور ایکسائز ٹیکسیشن آفیسرز (ای ٹی اوز) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 20 جنوری تک اپنے علاقوں کا جامع سروے مکمل کر کے رپورٹ ڈی جی آفس کو بھجوائیں۔ ہدایات میں واضح کیا گیا کہ ڈائریکٹرز کم از کم 10 فیصد جبکہ ای ٹی اوز 25 فیصد پراپرٹیز فیلڈ میں جا کر چیک کریں گے۔ڈی جی ایکسائز نے ہدایت کی ہے کہ سروے کے دوران ایسی تمام پراپرٹیز کو پوائنٹ آؤٹ کیا جائے جو ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں، انہیں فوری طور پر سسٹم میں شامل کیا جائے اور بقایا جات کی وصولی یقینی بنائی جائے۔ اس کے علاوہ متعلقہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کی بھی جانچ کی جائے گی اور تمام یونٹس کو سسٹم کے ساتھ کراس چیک کیا جائے گا۔

مراسلے میں مزید بتایا گیا ہے کہ 25 جنوری سے ڈی جی آفس کی خصوصی ٹیمیں سرپرائز وزٹس شروع کریں گی، تاکہ فیلڈ میں جاری کارروائیوں کا جائزہ لیا جا سکے اور کسی قسم کی غفلت یا ملی بھگت کو بے نقاب کیا جا سکے۔ڈی جی ایکسائز عمر شیر چٹھہ نے کہا کہ یکم جولائی سے اب تک لاہور میں 80 ہزار یونٹس ٹیکس نیٹ میں شامل کیے جا چکے ہیں، جبکہ صوبہ بھر میں 4 لاکھ سے زائد یونٹس شامل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکس چوری میں ملوث مالکان اور افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔