اہلکاروں کا تعلق آپریشنز، انویسٹی گیشن، سکیورٹی ڈویڑن اور دیگر یونٹس سے ہے
لاہور( کرائم رپورٹر)لاہور پولیس میں محکمانہ ترقیوں کا عمل جاری ہے۔ اسی سلسلے میں 66 کانسٹیبلز کو ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔ ترقیوں کی منظوری ڈی آئی جی (ایڈمن) عمران کشور کی زیرِ صدارت منعقد ہونے والے محکمانہ پروموشن بورڈ کے اجلاس میں دی گئی۔اجلاس میں ایس ایس پی (ڈسپلن) عاطف نذیر اور ایس پی (ہیڈ کوارٹرز) منزہ کرامت نے بھی شرکت کی۔ پروموشن بورڈ کے فیصلے کے مطابق سی ون کیٹیگری کے 61 اور سی ٹو کیٹیگری کے 5 کانسٹیبلز کو ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ ترقی پانے والے اہلکاروں کا تعلق آپریشنز، انویسٹی گیشن، سکیورٹی ڈویڑن اور دیگر مختلف یونٹس سے ہے۔سی ون کیٹیگری میں دل نواز امین، شہزاد علی، اصغر علی، حسن عطا، محمد خاور، خالد پرویز، محمد مبشر اور خالد محسن کو ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی دی گئی، جبکہ سی ٹو کیٹیگری میں احمد خان، محمد الیاس، لیاقت اور احمد حسن کو ترقی دی گئی۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ترقی پانے والے پولیس ملازمین کو مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پانے والے اہلکار اپنی نئی ذمہ داریاں جوش و جذبے، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ادا کریں اور نئے عہدوں کے تقاضوں کو فرض شناسی کے ساتھ نبھائیں۔سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ ترقی پانے والے پولیس ملازمین شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نمایاں کارکردگی کے حامل افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر سطح پر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ترقی پانے والے پولیس ملازمین نے محکمہ کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید بہتر کارکردگی اور عوامی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔