لاہور میں یخ بستہ ہوائیں چلنے لگیں جس کے باعث شہر میں سردی نے پنجے گاڑ لیے ہیں۔
درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا جبکہ شہر کا مطلع ابر آلود ہے۔ دو کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں بارش کے امکانات کم ہیں تاہم سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔دوسری جانب لاہور میں فضائی آلودگی تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس مجموعی طور پر 193 ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔برکی روڈ پر آلودگی کی شرح 238، عسکری ٹین میں 196، علامہ اقبال ٹاؤن میں 194 جبکہ سول سیکرٹریٹ میں 190 ریکارڈ کی گئی۔ملکی مجموعی صورتحال کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار رہنے کی توقع ہے۔پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے تاہم صبح کے وقت چند مقامات پر کہرا پڑنے کا امکان ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں سرد اور خشک موسم رہے گا جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں شدید سردی متوقع ہے۔ صوبے کے مختلف میدانی اضلاع میں دھند کی شدت برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔سندھ کے بالائی اضلاع بشمول سکھر، لاڑکانہ، دادو اور گردونواح میں بھی درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں سرد اور خشک موسم رہے گا جبکہ پشاور، مردان، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت مختلف علاقوں میں دھند متوقع ہے۔گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم کشمیر میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑ سکتا ہے۔