کراچی میں سردی کی لہر جاری ہے اور گزشتہ رات شہر کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی دیکھی گئی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق جناح ٹرمینل پر سب سے کم درجہ حرارت 6.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی سردی کا اثر محسوس کیا گیا، جیسے گلستانِ جوہر میں 6.7 ڈگری، شارعِ فیصل پر 9 ڈگری، ماڑی پور میں 8.5 ڈگری، اور بن قاسم میں 9.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں سرد اور خشک موسم کا امکان ہے، اور کم سے کم درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ شمال مشرق سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ہے۔
ملک کے دیگر علاقوں میں بھی سرد موسم کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں۔ محکمۂ موسمیات نے شمال مشرقی پنجاب میں درمیانی سے شدید جب کہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں ہلکی سے درمیانی دھند کی پیش گوئی کی ہے۔ کشمیر، بالائی خیبر پختونخواہ، خطۂ پوٹھوہار اور بالائی پنجاب کے کچھ علاقوں میں بھی دھند چھا سکتی ہے۔موسم کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔