بلدیاتی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی سکرونٹی کا مرحلہ مکمل

کاعذات نامزدگی منظور یا مسترد  ، اپیلیں دس جنوری تک دائر کی جا سکیں گی
اسلام آباد(آئی این پی )اسلام آبادمیں بلدیاتی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی اسکرونٹی کا مرحلہ مکمل ہوگیا جس کے بعد کاغذات منظور یا مسترد ہونے کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائرکرنے کا سلسلہ  شروع ہو گیا ۔الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے مانیٹرنگ ٹیم کو ایک روزہ تربیت بھی  دی ہے ۔ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کیلئے مانیٹرنگ ٹیم کے 22افسران کو انتخابی مہم کیلئے ضابطہ اخلاق سے متعلق آگاہ کیا گیا،مانیٹرنگ عملے کو الیکشن قانون، ممکنہ خلاف ورزیوں اور اختیارات سے متعلق آگاہ کیاگیا ۔شیڈول کے مطابق بلدیاتی کاعذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے سے متعلق اپیلیں دس جنوری تک دائر کی جا سکیں گی،اپیلٹ اتھارٹی اپیلوں پر فیصلے بارہ سے پندرہ جنوری تک کرے گی،بلدیاتی امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست سولہ جنوری کو شائع ہو گی جبکہ کاغذات نامزدگی سترہ جنوری تک واپس لئے جا سکیں گے۔انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ اور حتمی امیدواروں کی فہرست انیس جنوری کوجاری ہو گی،اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ پندرہ فروری کو ہوگی جبکہ نتائج سولہ سے انیس فروری تک مکمل کئے جائیں گے۔