کراچی کو دنیا کا بہترین شہر بنانے کیلئے 84 ارب سے زائد کا پیکیج دینگے مراد علی شاہ

ترقی کا جامع منصوبہ نافذ کرنا چاہتے ہیں، میگا اور اہم منصوبوں کی بہترین ڈیزائننگ ہونی چاہیے،:وزیراعلی سندھ کی اجلاس میں ہدایات
کراچی(آئی این پی )وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کراچی کو دنیا کے بہترین شہروں میں شامل کرنے کیلئے  84 ارب روپے سے زائد کا پیکیج دینا چاہتا ہوں،ترقی کا جامع منصوبہ نافذ کرنا چاہتے ہیں، میگا اور اہم منصوبوں کی بہترین ڈیزائننگ ہونی چاہیے۔فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے وفد نے ڈی جی میجر جنرل عبدالسمیع کی سربراہی میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے  ملاقات کی، جس میں وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، میئر کراچی مرتضی وہاب، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، کمشنر کراچی حسن نقوی اور سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی شریک ہوئے۔ملاقات کے دوران وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ہم کراچی کی ترقی کا جامع منصوبہ نافذ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کراچی کیلئے  84 ارب 79 کروڑ 60 لاکھ روپے کا پیکیج دینا چاہتا ہوں۔ اس کے علاوہ شہر کیلئے 26 ارب 20 کروڑ روپے کی مزید رقم کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ ایف ڈبلیو او کے ساتھ شراکت داری قائم کر کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ شہر کراچی کے تمام میگا اور اہم منصوبوں کی بہترین ڈیزائننگ ہونی چاہیے۔ کراچی کی ترقی دنیا کے بہترین شہروں سے کم نہیں ہونی چاہیے