پاکستان کی طرف سے دھمکی آمیز بیانات کسی صورت قبول نہیں:افغان حکومت

پاکستانی فوج کے حالیہ بیانات نہ صرف حقائق کے منافی  بلکہ ایک ذمہ دار عسکری منصب کے تقاضوں کے بھی خلاف ہیں
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ طرز عمل اور سنجیدہ بیانات کی روش اختیار کی جائے:ترجمان
کابل(آئی این پی )افغانستان نے کہا ہے کہ دھمکی آمیز بیانات افغان قوم کیلئے  کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں۔بی بی سی کے مطابق  پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے افغانستان کی عبوری طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے  کہا کہ پاکستانی فوج کے حالیہ بیانات نہ صرف حقائق کے منافی ہیں بلکہ ایک ذمہ دار عسکری منصب کے تقاضوں کے بھی برخلاف ہیں۔انہوں نے بدھ کو سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ افغانستان ایک خودمختار اور مستحکم ملک ہے، جو ایک مضبوط سیکیورٹی ڈھانچے اور مقتدر قیادت کا حامل ہے اور اپنی پوری سرزمین پر مکمل حاکمیت رکھتا ہے۔ذبیح اللہ مجاہد نے مزید لکھا کہ ہم واضح الفاظ میں کہنا چاہتے ہیں کہ افغانستان کے داخلی معاملات میں دخل اندازی اور دھمکی آمیز بیانات افغان قوم کے لئے  کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ امارت اسلامیہ افغانستان پاکستان کے متعلقہ اداروں سے اپیل کرتی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ طرز عمل اور سنجیدہ بیانات کی روش اختیار کریں۔