اسلام آباد میں لڑکیوں کی تعلیم پر عالمی سربراہی کانفرنس 11-12 جنوری کو ہوگی

اسلام آباد میں لڑکیوں کی تعلیم پر عالمی سربراہی کانفرنس 11-12 جنوری کو ہوگی

اسلام آباد میں 11 تا 12 جنوری 2025 کو مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم پر عالمی سربراہی کانفرنس منعقد کی جائے گی، جس کی میزبانی وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کرے گی۔

 اس کانفرنس کا موضوع "مسلم کمیونٹیز میں لڑکیوں کی تعلیم، چیلنجز اور مواقع" ہے، جس کا مقصد دنیا بھر میں مسلم کمیونٹیز میں لڑکیوں کی تعلیم کے سلسلے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنا اور اس کے حل کے لیے عالمی سطح پر بات چیت اور تعاون کا آغاز کرنا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، کانفرنس میں 44 مسلم اور دوست ممالک کے وزرا، سفیروں، اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندے شریک ہوں گے۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اس تقریب کا افتتاح کریں گے اور لڑکیوں کی تعلیم اور صنفی مساوات کے فروغ کے لیے قوم کے عزم کا اعادہ کریں گے۔کانفرنس میں مسلم کمیونٹیز میں لڑکیوں کی تعلیم کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لیے موثر حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یہ کانفرنس ایک اہم موقع فراہم کرے گی جہاں دنیا بھر کے ماہرین، حکومتی نمائندے، اور بین الاقوامی ادارے اس مسئلے پر غور کریں گے اور مشترکہ اقدامات کے لیے راہ ہموار کریں گے۔کانفرنس کا اختتام اسلام آباد اعلامیہ پر دستخط کی رسمی تقریب سے ہوگا، جو لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے عالمی سطح پر اہم اقدامات کی نشاندہی کرے گا۔ اس کانفرنس کا مقصد نہ صرف لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کو یقینی بنانا ہے بلکہ مسلم معاشروں میں صنفی مساوات اور لڑکیوں کے حقوق کے حوالے سے عالمی تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے۔