وزیراعظم شہباز شریف: معیشت درست سمت میں، ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا

وزیراعظم شہباز شریف: معیشت درست سمت میں، ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا

وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑی ہو رہی ہے اور معاشی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اسٹاک ایکسچینج نے دنیا بھر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اس کامیابی کا کریڈٹ اللہ کی مہربانی اور ٹیم ورک کو جاتا ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان میں معاشی استحکام آ چکا ہے اور اس استحکام کے بعد ملک کو معاشی نمو کی جانب بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہدف معاشی ترقی ہے اور اس کے لیے بہترین ٹیم ورک اور سخت محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرح سود فی الحال 13 فیصد پر ہے اور خواہش ہے کہ یہ 6 فیصد پر آجائے، کیونکہ مزید 8 پوائنٹس کی کمی کی گنجائش موجود ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ "اڑان پاکستان پروگرام" سے ملک کو معاشی ترقی ملے گی اور سماجی خوشحالی آئے گی، جس سے ملک کی معیشت میں مزید بہتری آ سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کے مزید بہتری کے لیے تجربہ کار ماہرین معیشت کی رہنمائی ضروری ہے اور ان سے قابل عمل سفارشات حاصل کی جائیں گی۔

شہباز شریف نے کراچی کے بارے میں کہا کہ یہ شہر ایک زمانے میں اپنے عروج پر تھا، لیکن اب اس میں امن بحال ہو چکا ہے اور یہ ملک کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "معاشی ترقی کے لیے ہمیں سب کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہے۔"وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی پاسداری ہماری ذمہ داری ہے اور جب وقت آئے گا، ہم آئی ایم ایف سے رخصت لے لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محصولات میں اضافہ خوش آئند ہے اور یہ ہماری معیشت کی بہتری کی طرف ایک مثبت قدم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں صنعتیں لگانے کے لیے تیار ہیں، اور معیشت کی بہتری میں نجی شعبے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ٹریلین ڈالرز کے معدنی ذخائر مدفن ہیں اور ان ذخائر کو استفادہ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے شفافیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔

آخر میں، وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کی معیشت میں اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔