بھارتی تامل فلموں کے مشہور اداکار اجیت کمار دبئی میں ہونے والے کار ریسنگ کے پریکٹس سیشن کے دوران ایک حادثے کا شکار ہو گئے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب اجیت کی ٹیم دبئی گرینڈ پریکٹس 2025 کی تیاری کر رہی تھی، جو 9 جنوری سے شروع ہونے والی ہے۔ تیز رفتار ریسنگ کار ٹریک پر موڑ لیتے ہوئے باؤنڈری وال سے ٹکرا گئی اور پورا گھوم کر گاڑی کا اگلا حصہ تباہ ہو گیا۔اداکار کو گاڑی سے نکال کر ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ان کے مینیجر سریش چندر نے تصدیق کی کہ اجیت مکمل طور پر محفوظ اور بالکل ٹھیک ہیں۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب اجیت 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہے تھے۔
اجیت کمار، جو اداکاری کے ساتھ ساتھ کار ریسنگ میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں، کی اپنی ریسنگ ٹیم "اجیت کمار ریسنگ" بھی ہے۔ان کی ٹیم نے حادثے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پریکٹس سیشن کا حصہ تھا اور حادثے کے باوجود کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔