بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور پیشہ ور ریسنگ ڈرائیور اجیت کمار اٹلی میں ہونے والی جی ٹی 4 یورپین سیریز کے دوران ایک خطرناک حادثے کا شکار ہو گئے۔
واقعہ میزانو (Misano) ریسنگ ٹریک پر پیش آیا، تاہم خوش قسمتی سے اجیت کمار محفوظ رہے اور کسی قسم کی چوٹ سے بچ گئے۔
ریس کے دوران کھڑی کار سے ٹکر، مقابلے سے باہر
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب اجیت جی ٹی 4 سیریز کی دوسری راؤنڈ کی ریس میں شریک تھے۔ریس کے دوران تیز رفتاری کے باوجود اجیت کی گاڑی ایک کھڑی ہوئی کار سے ٹکرا گئی، جس کے بعد وہ ریس سے باہر ہو گئے۔تاہم ان کے ریسنگ کے تجربے اور مہارت نے ایک بڑے سانحے کو ٹال دیا۔
ویڈیو منظر عام پر، اجیت کو ملبہ صاف کرتے دیکھا گیا
حادثے کے بعد منظر عام پر آنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ اجیت ریس ٹریک پر موجود عملے کے ہمراہ ملبہ صاف کرنے میں مدد دے رہے تھے، جس پر شائقین اور منتظمین نے ان کے حوصلے اور جذبے کو خوب سراہا۔
کمنٹیٹر کا تبصرہ: "وہ ایک چیمپیئن ہیں"
ریس کے کمنٹیٹر نے واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا:"اجیت کمار کار سے باہر آ گئے ہیں، ریس سے باہر ہو گئے ہیں۔ یہ پہلا بڑا حادثہ ہے جس کا وہ اس سال شکار ہوئے ہیں۔ لیکن وہ ایک بہترین چیمپیئن ہیں۔"
حکومتی اعزاز اور فلمی کامیابیاں
حالیہ دنوں میں اجیت کمار کو بھارتی حکومت کی جانب سے پدما بھوشن کے اعلیٰ اعزاز سے نوازا گیا، جو ان کی فلمی خدمات اور ریسنگ کیریئر میں شاندار کارکردگی کا اعتراف ہے۔فلمی میدان میں بھی اجیت نے دھوم مچا رکھی ہے۔ ان کی حالیہ ریلیز ’گڈ بیڈ اگلی‘ (Good Bad Ugly)، 2025 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی تمل فلم بن چکی ہے۔