پاکستان سکھوں کی حق خود ارادیت جدوجہد کی حمایت پر بھی غور کرے سکھ فار جسٹس کاوزیراعظم کو خط

 یقین ہے سلامتی کونسل میں پاکستان کی قیادت بامعنی قراردادوں کی راہ ہموار کر سکتی ہے،گرپتونت سنگھ کی سکیورٹی کونسل کا غیرمستقل رکن منتخب ہونے پرشہبازشریف کو مبارکباد 
 واشنگٹن(آئی این پی ) سکھوں کی تنظیم سکھ فار جسٹس نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سکھ برادری کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت پر بھی غور کرے۔ سکھ فار جسٹس کی جانب سے پاکستان کو سکیورٹی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارک باد دی گئی ہے۔ سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ نے وزیر اعظم پاکستان کے نام ایک خط لکھا ہے۔خط میں کہا گیا کہ سکیورٹی کونسل میں پاکستان کا انتخاب عالمی امن کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے، یہ اہم کامیابی امن، انصاف، یو این چارٹر کے اصولوں کے لیے پاکستان کی لگن کی عکاسی کرتی ہے۔ گرپتونت سنگھ نے لکھا کہ استصواب رائے سے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی توثیق کا بیان قابل تعریف ہے، کشمیر کی طرح پاکستان سکھ برادری کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت پر بھی غور کرے، یقین ہے سلامتی کونسل میں پاکستان کی قیادت بامعنی قراردادوں کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ سکھ فار جسٹس کی طرف سے عالمی ریفرنڈم منعقد کیا جا رہا ہے، جو ایک خود مختار وطن خالصتان کو حاصل کرنے کی کوشش ہے، خالصتان کے حصول کی تحریک کے لیے پاکستانی حمایت کشمیر کے مقف کو مزید تقویت دے گی۔