مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ہی جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے قیام کا واحد راستہ ہے :وزیر اعظم کا یوم حق خود ارادیت پرپیغام
اسلام آباد(آئی این پی )صدر مملکت آصف علی زرداری نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 7 دہائیوں سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود یہ وعدہ تاحال پورا نہیں ہوسکا۔جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف بامعنی مذاکرات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کے ذریعے ہی ممکن ہے ۔ ایوان صدر سے جاری پیغام کے مطابق یوم حق خود ارادیت پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ 5 جنوری کو پاکستان کے عوام، جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مل کر یومِ حقِ خود ارادیت مناتے ہیں۔ یہ دن 1949 میں اقوام متحدہ کی اس قرارداد کی منظوری کی یاد دلاتا ہے جس میں جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کی توثیق کی گئی اور جموں و کشمیرکے عوام کو آزاد اور غیر جانبدار استصوابِ رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق تسلیم کیا گیا۔۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا آج جب ہم یومِ حقِ خودارادیت منا رہے ہیں تو ہم غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیرکے عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے جاری جائز جدوجہد کی بھرپور اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ 5 جنوری ہمیں اس تاریخی عہد کی یاد دلاتا ہے جو عالمی برادری نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم اور یقینی بنانے کے لیے کیا تھا۔