چاہتے ہیں ملک آئین کے مطابق چلے،سیاسی بنیادوں پر مقدمات کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے،میڈیاسے گفتگو
کراچی(آئی این پی )سابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو اتحادیوں سے مشاورت کرنی چاہیے، چاہتے ہیں ملک آئین کے مطابق چلے، سیاسی بنیادوں پر مقدمات کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔منگل کو احتساب عدالت کراچی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ متعلقہ جج ریٹائرڈ ہو چکی ہیں، ہماری درخواست پر فیصلہ نہیں ہوسکا، نئے جج آئیں گے وہ فیصلہ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ 30برسوں سے میڈیا ٹرائل چل رہا ہے، ہر بار مقدمات میں باعزت بری ہوئے ہیں، ہم ہمیشہ مقدمات کا سامنا کرتے ہیں، سیاسی بنیادوں پر مقدمات کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے، پیپلز پارٹی مزاحمت کرتی ہے جس کی وجہ سے ہمارے خلاف مقدمات درج ہوتے ہیں۔آغا سراج درانی نے کہا کہ وفاقی حکومت کو اتحادیوں سے مشاورت کرنی چاہیے، دریائے سندھ میں نئی نہروں کے قیام کی مخالفت کرتے ہیں، سندھ کے ساتھ زیادتی ہوئی تو ایک ایک سندھی باہر آئے گا، چاہتے ہیں ملک آئین کے مطابق چلے۔