آغا سراج درانی کو ایک ماہ قبل برین ہیمبرج ہوا تھا‘ کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے
صدر،وزیراعظم ‘چیئرمین پی پی سمیت دیگر رہنمائوں کا اظہار افسوس ‘ خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا
اسلام آباد، کراچی (آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔آغا سراج درانی کو ایک ماہ قبل برین ہیمبرج ہوا تھا جس کے باعث انہیں ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور پھر چند روز قبل دوبارہ ان کی طعیبت خراب ہو گئی تاہم بدھ کو ڈاکٹرز نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی۔ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے آغا سراج درانی کے انتقال کی خبر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی اور جمہوری خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آغا سراج درانی پیپلز پارٹی کے مخلص، وفادار اور اصول پسند رہنما تھے، آغا سراج نے سندھ اسمبلی کی مضبوطی اور جمہوریت کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا، مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے بھی سراج درانی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے