سکیورٹی فورسز نے 3 الگ الگ مقامات پر کارروائیاں کیں، لانس حوالدارعباس علی، نائیک محمد نذیر اور نائیک محمد عثمان وطن پر قربان
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کے دوران 19 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق پرسیکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع پشاور کے علاقے متنی میں آپریشن کیا گیا اور اس دوران سیکیورٹی فورسزنے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ اس کارروائی میں 8 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند کے شہری علاقے بائیزئی میں بھی سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک اور کارروائی کی اور دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔بائیزئی میں کی گئی کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے 8 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ضلع کرک میں تیسری کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے مقام کو مؤثر انداز سے نشانہ بنایا اور فائرنگ کے نتیجے میں 3 خوارج جہنم واصل ہوئے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین بہادر بیٹے گلگت بلتستان کے ضلع غذر سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ لانس حوالدارعباس علی، ضلع سکردو سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ نائیک محمد نذیر، خیبرپختونخوا کے ضلع اٹک کے رہائشی 37 سالہ نائیک محمد عثمان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔