دہشت گرد مائننگ میں استعمال ہونے والا بارود دہشت گردی کے لئے استعمال کر رہے تھے:ڈی آئی جی سی ٹی ڈی
ایسے آپریشنز ملک میں امن و امان کے قیام کیلئے ناگزیر ہیں‘زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں:صدر مملکت
کوئٹہ (آئی این پی‘آن لائن) سی ٹی ڈی نے پشین میں کارروائی کے دوران دس دہشت گردوں کوجہنم واصل کردیا جبکہ دس جوان زخمی ہوئے۔وزیراعلی بلوچستان کے معاونِ خصوصی شاہدرند اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورایہ نے مشترکہ نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز احمد گورایہ نے بتایا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا ہے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں سی ٹی ڈی کے 10 جوان زخمی بھی ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں دہشت گردی پھیلانے والوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔اعتزاز احمد گورایہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے پاس جدید اسلحہ ہونا ایک سوالیہ نشان ہے، جس کی فرانزک جانچ کرائی جائے گی، دہشت گرد مائننگ میں استعمال ہونے والا بارود دہشت گردی کے لیے استعمال کر رہے تھے‘صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا ہے۔صدرِ مملکت نے کارروائی کے دوران 10 دہشت گردوں کی ہلاکت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے آپریشنز ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں