اسلام آباد خودکش حملے کی ساری پلاننگ داعش افغانستان نے کی، حملے کا ماسٹر مائنڈ ہماری حراست میں ہے، دہشت گرد کو ٹریننگ افغانستان میں دی گئی‘سی ٹی ڈی نے واقعے سے منسلک تمام افراد کو پکڑ لیا ہے
دہشت گردوں کی ساری فنڈنگ بھارت کر رہا ہے، جس دہشت گرد کو پہلے 500 ڈالر مل رہے تھے اس کو اب 1500 ڈالر مل رہے ہیں، بھارت نے مئی کی شکست کے بعد دہشت گردی کیلئے بجٹ تین گنا بڑھا دیا
یہ دہشت گردوں کا دس گنا بجٹ کردیں ہم اس کو روکیں گے، ہم حالت جنگ میں ہیں، کمیونٹی کی انٹیلی جنس اہم ہے، 21 دہشت گرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ ہورہی ہیں:وزیرداخلہ کی پریس کانفرنس
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے اسلام آباد خودکش حملے کی ساری پلاننگ داعش افغانستان نے کی، حملے کا ماسٹر مائنڈ ہماری حراست میں ہے، سی ٹی ڈی نے واقعے سے منسلک تمام افراد کو پکڑ لیا ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا گزشتہ روز کے واقعے نے سب کو ہِلا کر رکھ دیا، شہداء کے لئے دعا گو ہیں، ہر شہری غمگین ہے۔ واقعہ کے سہولت کاروں اور ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرلیا ہے، سی ٹی ڈی اور دیگر ایجینسیوں نے بطور ٹیم کام کیا، دھماکے کے فوراً بعد پشاور اور نوشہرہ میں چھاپے مارے، ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں کیسے حملہ آور کو تربیت دی گئی، حملے کی پلاننگ داعش نے افغانستان میں کی، دہشت گرد کو ٹریننگ افغانستان میں دی گئی۔ ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں کیسے حملہ آور کو لایا گیا، واقعہ کے سہولت کاروں اور ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کر لیا ہے، چھاپے کے دوران خیبر پختونخوا کا اہلکار شہید ہوا، چند اہلکار زخمی بھی ہوئے۔محسن نقوی نے کہا عوام سے گزارش ہے ہم حالت جنگ میں ہیں، کمیونٹی کی انٹیلی جنس اہم ہے، 21 دہشت گرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ ہورہی ہیں، دعوے سے کہتا ہوں ایک دھماکہ ہوا لیکن 99 دھماکے روکے ہیں، جس طریقے سے واردات ڈالی گئی ہمیں اپنے سسٹم کو دیکھنا ہوگا، پولیس کے سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردوں کی ساری فنڈنگ بھارت کر رہا ہے، جس دہشت گرد کو پہلے 500 ڈالر مل رہے تھے اس کو اب 1500 ڈالر مل رہے ہیں، بھارت نے مئی کی شکست کے بعد اب دہشت گردی کیلیے بجٹ تین گنا بڑھا دیا ہے، داعش کی تمام فنڈنگ بھارت کر رہا ہے، یہ دہشت گردوں کا دس گنا بجٹ کردیں ہم اس کو روکیں گے، دیگر ممالک کو بھارت کی وجہ سے درد ہوگا تو بھارت کے خلاف آواز اٹھے گی، بھارت کے خلاف ہر ملک ایک دن بولے گا۔بھارت نے پاکستان میں دہشت گردی کرنے کے لیے اپنا بجٹ بڑھایا ہے، اس دفعہ بلوچستان میں جتنے حملے ہوئے جو آیا بچ کر نہیں گیا، بی ایل اے ویڈیوز بناتی ہے جو بھارتی میڈیا پر چلتی ہیں۔دھماکے سے پہلے دو لوگوں نے ریکی کی، دشمن دشمن ہے، دشمن کی کیٹیگریز نہیں بنتیں، پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والے کو کیٹیگریز میں تقسیم نہ کریں، دنیا نے آواز نہیں اٹھائی تو دیکھ لے اس کا نقصان کتنا ہوگا، دہشت گرد تنظیمیں مل کر کارروائیاں کر رہی ہیں۔