ویزوں کے مسائل حل ہوجائیں گے‘ پاسپورٹ کی رینکنگ پر کام جاری ہے، جلد پاکستان کی پاسپورٹ رینکنگ بڑی چھلانگ مارے گی جس پر ہمیں فخر ہوگا
سمگلنگ مکمل ختم نہیں ہوئی ‘پولیس کا کام گرفتار کرنا، سزا دینا عدالت کا کام ہے، ہمیں اختیار مل جائے تو سزا بھی دے دیں گے:وزیرداخلہ کا کراچی چیمبر سے خطاب
کراچی (آن لائن) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کو ویزے نہیں مل رہے، کویت اور اومان میں بھی ویزوں کے مسائل ہیں، جلد ہی ان کا حل نکالیں گے۔کراچی چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا محرم کے ابتدائی 10 روز پاکستان بھر میں بخیر و عافیت گزرگئے، تمام صوبوں کا اس میں اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال محرم میں ہم نے صوبوں کے ساتھ رابطہ رکھا اور کم سے کم جگہوں پر موبائل سروس بند رکھی، شہریوں کو موبائل سروس کی محدود بندش کی وجہ سے کافی ریلیف ملا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کو ویزے نہیں مل رہے، جلد ہی اس کا حل نکالیں گے، کویت اور اومان میں ہمارے ویزوں کے مسائل حل ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ کی رینکنگ پر بھی کام جاری ہے، جلد ہی پاکستان کی پاسپورٹ رینکنگ ایک بڑی چھلانگ مارے گی جس پر ہمیں فخر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی صحتمند ہوگا تو پاکستان صحت مند ہوگا، آنے والے وقت میں کمی اور کوتاہیاں مزید ختم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 2 سال میں ہم نے اسمگلنگ کو بہت حد تک کنٹرول کیا ہے 1 ہزار 2کلومیٹر کی کوسٹ لائن ہے اور ہمارے پاس محض 6 کوسٹ گارڈ بوٹس ہیں، اب مزید اس میں 2 بوٹس کا اضافہ کیا ہے، کوسٹ گارڈز کو مزید مضبوط کریں گے۔ شناختی کارڈ میں شہریوں کے کریمنل ریکارڈ کے حوالے سے نادرا سے گفتگو ہو رہی ہے، سیف سٹی پروجیکٹ کی وجہ سے جرائم میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے، کراچی کا سیف سٹی پروجیکٹ بھی جرائم میں کمی کا سبب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی پاسپورٹ کی 64 بڑے ٹیکس دہندگان کو آفر کی تھی، صرف 18 نے استفادہ کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ انکروچمنٹ کے حوالے سے وزیراعظم اور آرمی چیف کے کئی اجلاس ہوتے ہیں، ریاست کو قدرے ہارڈ کرنے کی بات ہوتی ہے، یہ نہیں جس کو جو مرضی آئے وہ کرے، انفورسمنٹ کو مضبوط کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی ترسیل کی اگر بات کی جائے تو ہم نے کبھی بڑے شہروں پر پلاننگ کی ہی نہیں ہے، امید ہے کہ آنے والے وقتوں میں اس پر بھی مثبت پیشرفت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال ہر ایک کا حق ہے اگر پر امن کی جائے، ہمارا مقصد ملکی معیشت کی بہتری ہے جو اس وقت انتہائی اہم ہے، اسمگلنگ مکمل ختم نہیں ہوئی لیکن بہتری آئی ہے، جس کی وجہ سے معیشت میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا کام گرفتار کرنا ہے، سزا دینا عدالت کا کام ہے، پولیس کے ساتھ ساتھ دیگر ریفارمز کی بھی ضرورت ہے، اگر ہمیں سزا دینے کا اختیار مل جائے تو سزا بھی دے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں دیکھیں گے کہ ڈالر کی بلیک مارکیٹ میں خرید و فروخت کو ختم کردیں گے، معیشت کی بہتری ہمارا سب سے اہم ہدف ہے۔