وزیر اعلیٰ ستھرا پنجاب کے عملہ صفائی کا جی ٹی روڈ پر احتجاج

 کم تنخواہیں دینے اور خواتین ورکروں کو جبری ملازمت سے نکالنے کے الزامات
مریدکے(خصوصی رپورٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب ستھرا پنجاب کے اجرتی درجنوں عملہ صفائی نے جی ٹی روڈ پر شدید احتجاج کیاااورطے شدہ معاہدے سے کم تنخواہیں اور خواتین ورکروں کو جبری ملازمت سے نکالنے کے الزامات عائدکیے،عمل در آمد نہ ہونے پر صفائی کا کام چھوڑ کر جی ٹی روڈ پر دھرنا اور بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے کی دھمکی دیدی۔مظاہرین کی قیادت کرنے والی خاتون صدر سینٹری ورکرز یونین عنائیت بی بی نے الزام لگایا کہ وزیراعلیٰ کے ستھرا پنجاب پروگرام میں بھرتی کئے گئے اجرتی درجنوں نوجوان مسیحی مرد خواتین کو حکومتی معاہدے کے مطابق مقرر کردہ37ہزار روپے تنخواہ دینے کی بجائے کبھی کسی کو 25 ہزار اور کسی کو 27 ہزار روپے تنخواہ تھما دی جاتی ہے،اگر کوئی مجبوراً یا احتجاجا ًتنخواہ کم ملنے کی شکائت کرے تو اسے فوراً کام سے نکالنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں، کئی غریب ملازم خواتین کو بغیر تنخواہ دئیے فارغ بھی کیا جا چکا ہے جنکے گھروں کے چولہے اب بند ہو کر رہ گئے ہیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز موجودہ صورتحال کا نوٹس لیں اور ہمیں جائز حقوق دلوائے جائیں وگرنہ پوری تحصیل کا کچراٹھانے کی بجائے جی ٹی روڈ پر دھرنا دیکر تامرگ بھوک ہڑتال کردیں گے۔