تحریک انصاف نے اسپیکر ایاز صادق کی مذاکرات کی دعوت مسترد کردی

تحریک انصاف نے اسپیکر ایاز صادق کی مذاکرات کی دعوت مسترد کردی

اسلام آباد: تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی مذاکرات کی دعوت کو مسترد کر دیا۔

 اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ "مذاکرات کا چیپٹر بند ہوگیا ہے، حکومت کے ارادے ٹھیک تھے نہ ہی نیت، اس لیے مذاکرات نہیں چل سکے۔"

عمر ایوب کا مؤقف
عمر ایوب نے مزید کہا کہ "سیاسی مذاکرات صرف خواہشات سے نہیں، مستحکم ارادوں سے ہوتے ہیں۔ ہم نے سنجیدگی سے مذاکرات کیے، لیکن حکومت نے ہمارے مطالبات نہیں مانے، اب ہم مزید مذاکرات نہیں کریں گے۔"

ایاز صادق کی مذاکراتی پیشکش
واضح رہے کہ حکومت نے حالیہ دنوں میں ایک بار پھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کی تھی۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا تھا کہ "ہم نے کبھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے، مذاکراتی کمیٹی بھی تحلیل نہیں ہوئی۔"

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی ناکامی
ایاز صادق نے مزید کہا کہ "تحریک انصاف کے اندر سے منظوری آجائے تو وہ ہمارے پاس آسکتے ہیں، بانی پی ٹی آئی ایک سخت آدمی ہیں، تاہم پی ٹی آئی کے کچھ لوگ اب بھی ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں اور یہ روابط مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے۔"یاد رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان 28 جنوری کو مذاکرات ہونا تھے، تاہم پارلیمانی کمیٹی نہ بنانے پر عمران خان نے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔