اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف وہیپ عامر ڈوگر نے ملاقات کی، جس میں وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے امکانات اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت پر سنجیدگی سے غور کرنے کا پیغام دیا۔ حکومتی مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ وزیراعظم کی جانب سے قائدِ حزب اختلاف کو مذاکرات کی باقاعدہ دعوت دی جا چکی ہے، جسے اپوزیشن کو مثبت انداز میں لینا چاہیے۔حکومتی نمائندوں نے اس موقع پر کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن کی تجویز کردہ جگہ پر بھی مذاکرات کیے جا سکتے ہیں اور حکومت اس حوالے سے مکمل آمادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش سیاسی مسائل کا واحد مؤثر حل بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات ہیں۔
ملاقات کے دوران حکومت نے زور دیا کہ پی ٹی آئی بھی مذاکرات کے عمل میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے تاکہ سیاسی کشیدگی میں کمی لائی جا سکے اور پارلیمانی طریقہ کار کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جا سکے۔ذرائع کے مطابق فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سیاسی اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا ہی جمہوری روایات کے مطابق بہتر راستہ ہے، تاہم آئندہ پیش رفت کا انحصار دونوں جانب سے مثبت ردعمل پر ہوگا۔