وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی کال پر آج ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے، جہاں عوام اور پی ٹی آئی کارکنان اپنے مینڈیٹ پر "تاریخی ڈاکے" کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 17 نشستیں جیتنے والی پارٹی کو اقتدار دے کر "اردلی حکومت" ملک پر مسلط کر دی گئی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ دھاندلی زدہ انتخابات کو غیر منصفانہ طور پر فری اینڈ فئیر قرار دیا گیا، جبکہ فارم 47 کی بنیاد پر قائم حکومت ہر ادارے کو تباہ کر رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ 26 نومبر اور 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے سے حکومت خوفزدہ ہے، کیونکہ اس کے قیام سے تمام حقائق عوام کے سامنے آ جائیں گے اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے گا۔