راولپنڈی: سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں دہشت گردی میں ملوث افغان شہری ہلاک ہوگیا، جس کی شناخت لقمان خان عرف نصرت کے نام سے ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق:
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں گزشتہ روز ہونے والے آپریشن میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت افغان صوبے خوست کے علاقے سپیرا کے رہائشی لقمان خان عرف نصرت کے طور پر ہوئی ہے۔پاکستانی حکام نے لقمان خان کی ڈیڈ باڈی افغان حکومت کے حوالے کرنے کے لیے عبوری افغان حکومت سے رابطہ کر لیا ہے۔
پاکستان کا افغان حکومت سے مطالبہ:
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ واقعہ پاکستان میں دہشت گردی میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے۔ پاکستان نے ایک بار پھر افغان عبوری حکومت سے اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کے لیے استعمال نہ ہونے دینے کی ذمہ داری ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان میں پناہ لینے والے دہشت گرد گروپ پاکستان کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں، جو دوطرفہ تعلقات کے لیے نقصان دہ ہیں۔ پاکستان توقع رکھتا ہے کہ افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔