مظفرآباد: آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب دریائے نیلم سے ملنے والی لاش کی شناخت ہوگئی۔
جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے رہائشی عرفان حسین شاہ کے نام سے ہوئی ہے، جو بیوی اور بچوں سے ملاقات کی خواہش میں دریائے نیلم عبور کرنے کی کوشش کے دوران تیز بہاؤ کی نذر ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق عرفان حسین شاہ نے 22 اور 23 نومبر کی درمیانی شب کیرن زیرو پوائنٹ کے قریب پیدل دریائے نیلم عبور کرنے کی کوشش کی، تاہم دریا کے یخ بستہ پانی اور تیز بہاؤ کے باعث وہ جانبر نہ ہوسکے۔ بعد ازاں ان کی لاش دریائے نیلم سے برآمد ہوئی۔ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) نیلم نے پاک فوج کے تعاون سے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے لاش دریا سے نکالی۔ ریسکیو حکام کے مطابق میت کو سی ایم ایچ مظفرآباد منتقل کرکے سرد خانے میں رکھوا دیا گیا ہے۔
اہلیہ اور بچوں سے جدائی نے شدید ذہنی کرب میں مبتلا کر رکھا تھا
معلومات کے مطابق عرفان حسین شاہ کی شادی 2002 میں آزاد کشمیر کے علاقے چکار میں ہوئی تھی، جس کے بعد وہ 2008 میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ مقبوضہ کشمیر منتقل ہوگئے تھے۔ پاک بھارت کشیدگی کے بعد ان کی اہلیہ اور بچوں کو مقبوضہ کشمیر سے ڈی پورٹ کرکے آزاد کشمیر بھیج دیا گیا، جس کے نتیجے میں عرفان حسین شاہ اپنے اہل خانہ سے جدا ہوگئے تھے۔اہلیہ اور تین بچوں سے طویل جدائی کے باعث وہ شدید ذہنی کرب میں مبتلا تھے۔ خاندان سے دوبارہ ملاقات کی خواہش میں انہوں نے لائن آف کنٹرول عبور کرکے دریائے نیلم پار کرنے کا خطرناک فیصلہ کیا، تاہم یہ کوشش ان کی زندگی کا آخری سفر ثابت ہوئی۔متوفی کے پاس سے ملنے والے شناختی کارڈ کے مطابق عرفان حسین شاہ بھارتی محکمہ انکم ٹیکس کے ملازم تھے۔
میت کی حوالگی کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان رابطے
عرفان حسین شاہ کی میت کی تدفین آزاد کشمیر میں کرنے یا مقبوضہ کشمیر میں ان کے اہل خانہ کے حوالے کرنے کا معاملہ تاحال طے نہیں ہوسکا۔ اس حوالے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہاٹ لائن رابطے جاری ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے دفاتر خارجہ کے درمیان مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ متوقع ہے۔دوسری جانب عرفان حسین شاہ کی اہلیہ صفیہ سعید اور ان کے تین بچوں نے پاک فوج اور دفتر خارجہ سے اپیل کی ہے کہ ان کے شوہر اور والد کی میت ان کے حوالے کی جائے تاکہ وہ آخری دیدار کرسکیں اور تدفین کے مراحل مکمل کر سکیں۔
منقسم خاندان کے لیے آخری دیدار بھی بڑا امتحان بن گیا
میت کی حوالگی کا معاملہ ایک منقسم کشمیری خاندان کے لیے کڑا امتحان بن گیا ہے۔ اگر عرفان حسین شاہ کی تدفین آزاد کشمیر میں کی جاتی ہے تو مقبوضہ کشمیر میں موجود ان کے بہن بھائی اور دیگر رشتہ دار آخری دیدار سے محروم رہ سکتے ہیں، جبکہ میت سرحد پار منتقل کیے جانے کی صورت میں ان کی اہلیہ اور بچوں کے لیے اپنے پیارے کی قبر پر حاضری دینا مشکل ہوسکتا ہے۔