ایف آئی اے امیگریشن حکام کی جناح ہسپتال میں امریکی خاتون سے ملاقات، قانونی پیچیدگیوں سے آگاہ کیا
کراچی (آئی این پی )کراچی کے نوجوان کی محبت میں پاکستان آنے والی امریکی خاتون 11فروری تک وطن واپس نہیں گئی تو اس کے خلاف فارن ایکٹ لاگو ہوجائے گا اور خاتون کیلئے مشکلات بڑھ جائیں گی۔ ایف آئی اے امیگریشن حکام نے گذشتہ روز جناح ہسپتال میں امریکی خاتون سے ملاقات کی اور اسے قانونی پیچیدگیوں سے آگاہ کیا۔ امیگریشن حکام کے مطابق خاتون کا 15دن کا ایگزٹ پرمٹ 11فروری کو ختم ہو جائے گا۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ خاتون ایگزٹ پرمٹ ایکسپائری تک واپس نہیں گئی توقانونی مشکلات پیدا ہوں گی، 11فروری کے بعد امریکی خاتون کو پاکستان میں زائد المیعاد قیام کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا جس کے تحت خاتون کے خلاف 13/14فارن ایکٹ 1946کے تحت مقدمہ درج کیا جاسکے گا۔ امیگریشن ایکٹ کے تحت امریکی خاتون کو گرفتار کیا جائے گا اور فارن ایکٹ کے تحت عدالت میں پیش کیا جائے گا جب کہ اسے پاکستان میں غیرقانونی قیام پر ڈی پورٹ کیا جائے گا۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق حکومت اگر چاہے تو اس کے ایگزٹ پرمٹ میں مزید توثیق کرسکتی ہے اور خاتون کو وطن واپسی کا ایک اور رضاکارانہ موقع فراہم کیا جا سکتا ہے۔