موٹرسائیکل سوار فیملی سے موبائل چھیننے والا گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) گلبرگ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ روز مین بلیوارڈ گلبرگ پر موٹرسائیکل سوار فیملی سے موبائل فون چھیننے والے ریکارڈ یافتہ ملزم کو گرفتار کر لیاایس ایچ او گلبرگ تیمور عباس نے پولیس ٹیم کے ہمراہ ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ٹریس کرکے حراست میں لیا پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز کی جانب سے اے ایس پی گلبرگ راجندر میگوار کو ملزم کی فوری گرفتاری کا خصوصی ٹاسک دیا گیا تھا، جس پر عمل کرتے ہوئے پولیس نے تیزی سے تفتیش آگے بڑھائی۔ فوٹیج میں ملزم کو واردات کے بعد موقع سے فرار ہوتے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔گرفتار ملزم طارق کے قبضے سے چھینا گیا موبائل فون برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ مقدمہ درج کرکے ملزم کو مزید کارروائی کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او گلبرگ اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہمہ وقت کوشاں ہے۔ اے ایس پی گلبرگ راجندر میگوار نے علاقہ پولیس کو پٹرولنگ مزید بڑھانے کی ہدایت بھی جاری کر دی۔