72 گھنٹوں میں 345 مطلوب ملزم پکڑے گئے

لاہور (کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں اشتہاریوں، عادی ملزمان اور عدالتی مفروران کے خلاف ڈولفن فورس کا اسپیشل آپریشن جاری ہے۔ ترجمان ڈولفن فورس کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران شہر بھر میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کی گئیں، جن میں مجموعی طور پر 345 مطلوب ملزمان کو گرفتار کیا گیاایس پی ڈولفن اختر نواز کے مطابق گرفتار ملزمان میں 43 اشتہاری جبکہ 34 عدالتی مفرور شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈولفن سکواڈ نے 194 ریکارڈ یافتہ اور 74 عادی مجرمان کو بھی حراست میں لیا، جن کے خلاف مختلف نوعیت کے سنگین مقدمات درج ہیں۔تمام گرفتار ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے ڈولفن فورس ہمہ وقت الرٹ ہے اور اشتہاریوں و جرائم پیشہ عناصر کے خلاف خصوصی ٹارگٹڈ آپریشن آئندہ بھی جاری رہے گا۔