133 مقدمات میں مطلوب 2 راہزن پکڑے گئے

 علی رضا اور جاوید طیب مختلف تھانوں کو مطلوب، گینگز کے سرغنہ نکلے
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف شکنجہ مزید سخت کر دیا گیا۔ مختلف جرائم کی نصف سنچری کرنے والے 2 پیشہ ور ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ دونوں ملزمان پر مجموعی طور پر 133 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق ملزمان کو ملت پارک اور لاری اڈہ سے گرفتار کیا گیا۔ ڈولفن سکواڈ نے سٹاپ اینڈ سرچ، سنیپ چیکنگ کے دوران کارروائی کی۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق دونوں ملزمان راہزنی گینگز کے سرغنہ ہیں اور مختلف تھانوں کی پولیس کو مطلوب تھے۔ گرفتار ملزم علی رضا کے خلاف 85 جبکہ جاوید طیب کے خلاف 48 سے زائد سنگین جرائم کے مقدمات درج ہیں۔ ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے تھانہ ملت پارک اور لاری اڈہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس پی ڈولفن ارسلان زاہد کے مطابق سٹریٹ کرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے گی اور کرائم ہاٹ سپاٹس و کرائم پاکٹس پر ڈولفن ٹیمیں ٹارگٹڈ کارروائیاں کریں گی