شاہرات پر 35 لاکھ افراد اور 19 لاکھ گاڑیاں چیک، 712 چوری شدہ برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب ہائی وے پٹرول (پی ایچ پی) صوبہ بھر کی شاہرات پر شہریوں کے تحفظ، سہولت اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ پنجاب ہائی وے پٹرول نے اکتوبر 2026 کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور مئوثر حکمت عملی کے ذریعے جرائم کی روک تھام، شہریوں کی سہولت اور شاہرات پر محفوظ سفر کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب ہائی وے پٹرول نے ای پولیس پوسٹ ایپ کے ذریعے شاہرات پر 35 لاکھ افراد کو چیک کیا، جبکہ دوران چیکنگ 1082 اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران کو گرفتار کیا گیا۔ صوبہ بھر کی شاہرات پر 19 لاکھ گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی، جس کے دوران 712 چوری شدہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔ اکتوبر کے دوران ایکسل لوڈ کی خلاف ورزی پر 9894 گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی، جبکہ گیس سلنڈر کے غیر قانونی استعمال پر 1999 ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر 4829 ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، جبکہ 60 گمشدہ بچوں کو تلاش کرکے ان کے والدین سے ملوایا گیا۔ اسی طرح شاہرات سے 79 عارضی و مستقل تجاوزات ختم کرکے ٹریفک کی روانی بہتر بنائی گئی، جبکہ 40 ہزار 119 مسافروں کو مختلف نوعیت کی مدد اور رہنمائی فراہم کی گئی۔ مزید برآں پولیس خدمت مراکز پر 1947 شہریوں کو مختلف پولیسنگ خدمات فراہم کی گئیں۔ ناجائز اسلحہ رکھنے اور استعمال کرنے والوں کے خلاف 73 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ ملزمان کے قبضے سے 3 رائفلز، 3 گنز، 59 پستول اور 20 ہزار 482 گولیاں برآمد کی گئیں۔