وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر اور گلگت بلتستان میں بجلی کے منصوبوں کی منظوری دے دی

وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر اور گلگت بلتستان میں بجلی کے منصوبوں کی منظوری دے دی

وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر اور گلگت بلتستان میں بجلی کے اہم منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔

اس سلسلے میں انہوں نے ایک اجلاس کی قیادت کی جس میں پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گوادر پورٹ سٹی میں بجلی کی فراہمی کے مسائل کو ختم کرنے کے لیے جامع اور فوری عملدرآمد کے منصوبے پر عمل کیا جائے گا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ گوادر پورٹ سٹی کو بلا تعطل، مناسب قیمت اور قابلِ اعتماد بجلی فراہم کرنے کے لیے متعلقہ ادارے ہم آہنگی سے کام کریں۔ انہوں نے گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ کے سولر پروجیکٹ سے ماحولیاتی اعتبار سے صاف اور مستحکم بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کا بھی اعلان کیا، اور فوری طور پر 30 میگاواٹ کے سولر پروجیکٹ پر عملدرآمد شروع کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی عوام کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اور یہاں صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بجلی کے مسائل کے حل کے لیے احسن اقبال کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی اور وزارت توانائی کی سفارشات اور اقدامات کو سراہا اور ہدایت دی کہ جامع حکمت عملی کے تحت فوری، قلیل اور طویل مدتی پروجیکٹس پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ گوادر میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی ملکی معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کا سبب بنے گی۔ انہوں نے صنعتوں اور سرمایہ کاروں کے لیے بجلی کی فراہمی کو علاقائی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے پر بھی زور دیا۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ گوادر کی بندرگاہ، جہاں بجلی کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہوگی، دنیا کی بہترین بندرگاہ اور مستقبل میں معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گی۔