وزیراعظم شہباز شریف کا یومِ شہدائے پولیس پر پیغام: "گوادر سے گلگت تک پولیس کا ہر افسر قوم کا فخر ہے"

وزیراعظم شہباز شریف کا یومِ شہدائے پولیس پر پیغام:

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس کے بہادر افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کے ساحلوں سے گلگت بلتستان کے پہاڑوں تک پولیس کا ہر افسر قوم کا فخر ہے۔

پولیس افسران کو خراج تحسین:
وزیراعظم نے کہا:"آج کے دن ہم اپنی پولیس کے ان بہادر افسران و جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو شدید موسمی حالات میں بھی اپنے اہلخانہ سے دور رہ کر ملک میں امن قائم رکھنے کے لیے فرض ادا کرتے ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں۔"انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کے اہل خانہ بھی ہمارے لیے قابلِ فخر ہیں جنہوں نے قوم کے لیے اپنے پیاروں کو قربان کیا۔

دہشت گردی کی جنگ میں قربانیاں:
وزیراعظم نے بتایا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 8 ہزار سے زائد پولیس افسران و جوان شہید ہوئے۔انہوں نے کہا:"پولیس نے بطور فرنٹ لائن دفاعی فورس لاکھوں بچوں کو یتیمی سے بچانے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔"انہوں نے حالیہ رحیم یار خان آپریشن میں ایلیٹ فورس کے 5 جوانوں کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی:
وزیراعظم نے کہا کہ پولیس نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عالمی سطح پر لوہا منوایا اور حال ہی میں ورلڈ پولیس سمٹ 2025 میں جیتے گئے میڈلز اس کا واضح ثبوت ہیں۔انہوں نے پولیسنگ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو شہریوں کے تحفظ کے لیے خوش آئند قرار دیا۔
دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں:
وزیراعظم نے کہا کہ چاروں صوبوں کی انسدادِ دہشت گردی فورسز (CTD) نے افواجِ پاکستان اور رینجرز کے ساتھ مل کر اہم کامیابیاں حاصل کیں۔"پولیس نے گزشتہ برسوں میں سیکڑوں آپریشنز کر کے دشمن کے پاکستان میں بد امنی کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔"
وزیراعظم کا عزم:
شہباز شریف نے کہا:"گوادر سے گلگت تک ملک کی حفاظت کرنے والا ہر پولیس افسر اور جوان قوم کا سرمایہ ہے۔ ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔"