میانمار ،وسطی علاقے میں فوجی فضائی حملہ، 18 ہلاک اور درجنوں زخمی

 ٹی شاپ اور اس کے قریب موجود کم از کم ایک درجن مکانات تباہ ہوگئے
ینگون (آئی این پی )میانمار کے وسطی علاقے میں فوجی فضائی حملے کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق مقامی حکام اور عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ ساگائنگ ریجن کے قصبے تبائین میں گزشتہ شام دو فضائی بم گرائے گئے، جن میں سے ایک مصروف ٹی شاپ پر لگا جہاں اس وقت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ ٹی شاپ اور اس کے قریب موجود کم از کم ایک درجن مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ امدادی کارکن نے بتایا کہ حملے کے فورا بعد سات افراد موقع پر ہی ہلاک ہوئے جبکہ 11 زخمی اسپتال میں دم توڑ گئے۔ایک زندہ بچ جانے والے شخص نے بتایا کہ وہ ٹی شاپ میں بیٹھ کر باکسنگ میچ دیکھ رہا تھا جب طیارے کی آواز سنتے ہی زمین پر لیٹ گیا، فورا ہی زور دار دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔مقامی افراد نے ہلاک ہونے والوں کی اجتماعی تدفین کر دی ہے جبکہ کئی لاشیں بری طرح جھلسنے کے باعث ناقابلِ شناخت تھیں۔خیال رہے کہ 2021 کی فوجی بغاوت کے بعد سے میانمار شدید خانہ جنگی کا شکار ہے، اور فوج کی جانب سے مختلف گروہوں کے خلاف فضائی کارروائیوں میں شہریوں کی ہلاکتیں معمول بن چکی ہیں۔