لاہور میں مسلسل بارش، سڑکوں پر ڈیڑھ فٹ پانی جمع، شہری پریشان

لاہور میں مسلسل بارش، سڑکوں پر ڈیڑھ فٹ پانی جمع، شہری پریشان

لاہور میں مسلسل بارش کے باعث نکاسی آب کا نظام ایک بار پھر متاثر ہوگیا، جس کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد سڑکیں اور نشیبی علاقے بارشی پانی میں ڈوب گئے۔

ذرائع کے مطابق کچا جیل روڈ پر ڈیڑھ فٹ تک پانی جمع ہوگیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں، راہگیروں اور موٹر سائیکل سواروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کچا جیل روڈ پر بارشی پانی جمع ہونے سے سڑک پر آمدورفت دشوار ہوگئی، جبکہ پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ہر بارش کے بعد کچا جیل روڈ پر پانی جمع ہونا معمول بن چکا ہے، تاہم نکاسی آب کا مستقل مسئلہ تاحال حل نہیں کیا جاسکا۔مکینوں کے مطابق متعلقہ اداروں کی جانب سے بارش سے قبل نکاسی آب کے مؤثر انتظامات نہ ہونے کے باعث انہیں بار بار مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بارشی پانی جمع ہونے سے شہریوں کے معمولات زندگی بھی متاثر ہو رہے ہیں۔دوسری جانب ہمدرد چوک اور ٹاؤن شپ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بھی بارشی پانی سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہوگیا۔ پانی کھڑا ہونے کے باعث راہگیروں کو آمدورفت میں دشواری پیش آرہی ہے جبکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کے مسئلے کے حوالے سے متعدد بار شکایات کے باوجود مستقل بنیادوں پر اقدامات نہیں کیے گئے۔ ان کے مطابق ہر بارش کے بعد یہی صورتحال پیدا ہوتی ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ بارشی پانی کی فوری نکاسی یقینی بنائی جائے، متاثرہ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بحال کی جائے اور نکاسی آب کے دیرینہ مسئلے کے مستقل حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔