آن لائن خریداری سے شفافیت، وقت اور اخراجات میں بچت کی ٹریننگ دی گئی
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم سے پنجاب پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) کی مینیجنگ ڈائریکٹر صاحبزادی وسیمہ عمر نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی، جس میں پنجاب حکومت کے جدید ای پروکیورمنٹ سسٹم، پیپرا رولز اور سرکاری خریداری کے نظام کو مزید م ئوثر اور شفاف بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پنجاب پولیس کے افسران اور ملازمین کے لیے ای پروکیورمنٹ سسٹم کے فیچرز، استعمال اور متعلقہ قواعد و ضوابط پر خصوصی تربیتی سیشن بھی منعقد ہوا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے تربیتی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ آن لائن ای پروکیورمنٹ سسٹم کے ذریعے قواعد کے مطابق سرکاری خریداری میں شفافیت، وقت اور اخراجات کی نمایاں بچت ممکن ہوگی، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ادارے کی کارکردگی اور گورننس میں مزید بہتری آئے گی۔ ایم ڈی پیپرا صاحبزادی وسیمہ عمر نے شرکاء کو ای پروکیورمنٹ سسٹم کے مختلف فیچرز، طریقہ کار اور پیپرا رولز سے تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت نے تمام سرکاری اداروں کی خریداری کا نظام آن لائن کر دیا ہے، جہاں بڈنگ، ایوالویشن اور آرڈر سمیت تمام مراحل آن لائن مکمل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام سے سرکاری اداروں کو معیاری اشیاء مناسب قیمت پر خریدنے کے بہتر مواقع ملیں گے اور شفافیت و احتساب کے تقاضے مزید م ئوثر انداز میں پورے ہوں گے۔