سود خوروں کے خلاف کریک ڈائون شروع

 ڈی آئی جی آپریشنز نے 15لاکھ کے عوض 31 لاکھ ادا کرنے والی خاتون کو دھمکیاں، قانونی کارروائی کا حکم
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے 15 لاکھ روپے کے عوض 31 لاکھ روپے ادا کرنے کے باوجود دھمکیوں کا سامنا کرنے والی خاتون کی درخواست پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی اقبال ٹائون کو قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔ فیصل کامران نے کہا کہ کسی شہری کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون سب کے لیے یکساں ہے۔ انہوں نے شہریوں کو دھمکی، بلیک میلنگ یا سود خوری کی صورت میں فوری پولیس سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایس ایچ اوز کو سود خوروں کے خلاف جاری کریک ڈائون مزید مئوثر بنانے کا حکم دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا بروقت اور میرٹ پر حل لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے اور سود خوروں کے چنگل میں پھنسے شہریوں کو ہر ممکن قانونی تحفظ فراہم کیا جائے۔ کھلی کچہری میں لین دین، فراڈ، لڑائی جھگڑوں اور دیگر معاملات پر بھی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال اور حقوق کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے جبکہ کھلی کچہری عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔