فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان فائلرز کے لیے بینک سے رقوم نکلوانے اور جائیداد کی خرید و فروخت پر ٹیکس شرحوں میں ردوبدل کر دیا ہے۔
تازہ اعلامیے کے مطابق نان فائلرز کے لیے یومیہ 50 ہزار روپے سے زائد رقم نکلوانے پر ٹیکس کٹوتی 0.6 فیصد سے بڑھا کر 0.8 فیصد کر دی گئی ہے۔ایف بی آر کا کہنا ہے کہ یہ کٹوتی تمام بینکنگ کمپنیوں کو ایڈوانس ایڈجسٹیبل ٹیکس کی صورت میں وصول کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہے۔
پراپرٹی ٹرانزیکشنز پر ٹیکس شرح میں ردوبدل
ایف بی آر نے غیر منقولہ جائیداد کی خرید و فروخت یا منتقلی پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح میں بھی تبدیلیاں کی ہیں۔پراپرٹی کے خریدار کو ریلیف دینے کے لیے ودہولڈنگ ٹیکس میں 1.5 فیصد کمی کر دی گئی۔پراپرٹی کے فروخت کنندہ یا منتقل کرنے والے کے لیے ہر سلیب میں 1.5 فیصد اضافہ کیا گیا، تاکہ فروخت پر حاصل کیپٹل گین کو ایڈجسٹ کیا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 236C اور 236K میں ترمیم کی گئی ہے۔
نئی ٹیکس شرحیں
5 کروڑ روپے مالیت تک کی پراپرٹی خریداری پر ٹیکس 3% سے کم ہو کر 1.5% کر دیا گیا۔10 کروڑ روپے تک کی پراپرٹی خریداری پر ٹیکس 3.5% سے کم ہو کر 2% ہو گیا۔10 کروڑ سے زائد مالیت کی پراپرٹی خریدنے پر ٹیکس 4% سے کم ہو کر 2.5% کر دیا گیا۔ایف بی آر کے مطابق ان ترامیم کا مقصد جائیداد کے خریداروں پر بوجھ کم کرنا اور فروخت کنندگان سے ٹیکس ایڈجسٹمنٹ کو یقینی بنانا ہے۔