کیسز ختم کرانے اور مراعات لینے والوں سے ہمارا راستہ الگ ، مشکل راستہ چْنا
جان کی کوئی حفاظت نہیں، جھوٹ پر مبنی ریاست ہے، سلمان اکرم ، میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہمارے ارکان کو کروڑوں کی پیشکش ہوئی، مگر ہم نے انکار کیا۔ پارلیمنٹ ہاوٓس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سب کچھ قربان کیا، لیکن کمپرومائز نہیں کیا۔ جن کے بچے، گھر، کاروبار سب متاثر ہوئے، وہ آج بھی پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کیسز ختم کرانے اور مراعات لینے والوں سے ہمارا راستہ الگ ہے۔ پارلیمنٹ کا میدان خالی نہیں چھوڑا، الیکشن ہم سے چرائے گئے، مگر ہم نے پھر بھی ہار نہیں مانی۔ بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ضرور ملاقات کروں گا، ہم نے مشکل راستہ چْنا، آسان آپشنز کو رد کیا ہے۔پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل و سینئر قانون دان سلمان اکرم راجہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ مقدمے ہیں تو ٹھیک ہے انہی عدالتوں میں ہم جائیں گے اور سامنا کریں گے،جو بھی ہوگا ان شاء اللہ اچھا ہوگا ،احتجاج ایک مسلسل عمل ہے،احتجاج کوئی ایک دن کی بات نہیں ہے پاکستانی قوم نے اس نظام کے خلاف اپنی بیزاری کا اظہار کر دیا ،یہ اظہار مسلسل رہے گا اس طرح یہ ملک نہیں چل سکتا کہ جھوٹے مقدموں کی بھرمار ہو۔ان کا کہنا تھا کہ میری یا کسی کی بھی آزادی ہر لمحہ خطرے میں ہے،ہمارے جان اور مال کی کوئی حفاظت نہیں ایک جھوٹ اور فریب پر مبنی ریاست ہے،ہم اس کے خلاف احتجاج کرتے رہیں گے ہر سطح پر کریں گے،عدالتوں، میدانوں میں کریں گے۔