ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کی فوری کارروائی سے ملزم دھر لیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر) ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو ہراساں کرنے والا ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ترجمان سیف سٹیز کے مطابق ملزم خاتون کا دفتر آتے جاتے پیچھا کرتا اور نازیبا حرکات کرکے ہراساں کرتا تھا۔ خاتون نے 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال کرکے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن میں شکایت کی۔ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس کو موقع پر روانہ کیا۔ سیف سٹی کی خاتون افسر نے ویڈیو کال پر متاثرہ خاتون سے رابطہ کیا اور مکمل تحفظ کی یقین دہانی کروائی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ملزم پہلے بھی ایسی حرکات میں ملوث تھا۔ خواتین کسی بھی ہراسانی یا ناخوشگوار صورتحال میں فوری 15 پر کال کریں، خواتین ویمن سیفٹی ایپ، چیٹ فیچر، ویڈیو کال کے ذریعے بھی ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن سے رابطہ کر سکتی ہیں۔